بھارتی جارحیت اور پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے خلاف بلوچستان کے مختلف اضلاع میں عوامی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، بلوچستان کے متعدد شہروں میں پاک فوج اور کشمیری عوام سے یکجہتی کے لیے عوامی ریلیوں کا بھر پور انعقاد کیا گیا۔
گوادر، حب، لسبیلہ، پسنی، اورماڑہ، جیوانی اور سربندر سمیت کئی شہروں میں نکالی جانے والی ان ریلیوں میں طلباء و طالبات، قبائلی عمائدین، سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ریلیوں کے شرکاء نے بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے واضح پیغام دیا کہ کسی بھی ممکنہ جارحیت کی صورت میں وہ افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ مظاہرین نے کہا کہ بھارت بلوچستان کی صورتحال اور سیاسی تناؤ کو بنیاد بنا کر عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کی سازش کر رہا ہے، پاکستان کے عوام، خصوصاً بلوچستان کے باشعور شہری، مکمل طور پر باہمی اتحاد کے ساتھ ملکی سالمیت کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔
ریلیوں میں "کشمیر بنے گا پاکستان" اور "افواجِ پاکستان زندہ باد" کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔ مظاہرین نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر دشمن نے حملے کی جسارت کی تو پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر دشمن کا مقابلہ کرے گی۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے عوام کا افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی بھارت کےمنہ پر طمانچہ ہے، جو دنیا کو یہ بتا رہا ہے کہ پاکستانی قوم اور اس کی افواج ایک صف میں متحد ہیں۔