بھارت کے حالیہ فالس فلیگ ڈرامے اور پاکستان مخالف پراپیگنڈے کے خلاف بہاولپور میں "استحکامِ پاکستان ریلی" کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کا مقصد قومی یکجہتی، افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی اور دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کے خلاف بھرپور عوامی ردعمل دینا تھا۔
ریلی فرید گیٹ سے شروع ہو کر ختم نبوت چوک پر اختتام پذیر ہوئی، جس میں سیاسی و سماجی شخصیات، تاجر برادری، طلباء اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم ہر محاذ پر متحد، بیدار اور دشمن کی کسی بھی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہے، اگر بھارت نے کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی کوشش کی تو پاکستانی عوام افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی دیوار بن کر وطن عزیز کا دفاع کرے گی۔ پاکستانی قوم ہر آزمائش میں متحد ہے۔
شرکاء نے پاکستان پر لگائے گئے بھارتی الزامات کو بے بنیاد، اشتعال انگیز اور جنگی جنون قرار دیا۔ استحکام پاکستان ریلی میں ملکی سلامتی، ترقی اور قومی استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔