انٹرمیڈیٹ امتحانات کے دوران پرچوں کے سوشل میڈیا پر ممکنہ لیک کے خدشے پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (NCCIA) نے ایکشن لے لیا ہے۔ اس سلسلے میں سیکریٹری انٹربورڈ کو فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا ہے تاکہ وہ ٹیم کو فوری طور پر کسی بھی مشکوک سرگرمی سے آگاہ کر سکیں۔
تفصیلات کے مطابق، سائبر کرائم کراچی زون نے انٹربورڈ سے مطالبہ کیا تھا کہ ایک فوکل پرسن مقرر کیا جائے جو واٹس ایپ یا دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پرچوں کی لیکنگ سے متعلق معلومات بروقت فراہم کرے۔
انٹربورڈ کے چیئرمین کی جانب سے این سی سی آئی اے کو باضابطہ خط لکھا گیا تھا جس میں پرچوں کی لیکنگ کے خدشات پر تحقیقات کی درخواست کی گئی تھی۔ جواباً، چھ رکنی سائبر کرائم ٹیم کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا ہے، جسے بورڈ انتظامیہ کو باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔
امتحانات کے پہلے روز کراچی کے کسی بھی امتحانی مرکز سے پرچہ آؤٹ ہونے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم بورڈ کی جانب سے مکمل الرٹ جاری ہے۔
اگر بورڈ کو کسی امتحانی سینٹر میں پرچے کی لیکنگ کا شک ہو، تو سائبر کرائم ٹیم فوری طور پر وہاں چھاپہ مار کارروائی کر سکے گی، تاہم اس کے لیے بورڈ سیکریٹری کی جانب سے تحریری اطلاع دینا لازمی ہوگا۔
مزید برآں، سائبر کرائم ٹیم کی تمام تفصیلات سینٹر سپرنٹنڈنٹس اور ویجلنس ٹیمز کو فراہم کرنا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔