حال ہی میں دنیا کی معمر ترین شخصیت بننے والی برطانیہ کی 115 سالہ ایتھل کیٹرہم نے طویل زندگی کا ایک سادہ راز بتا دیا۔
115 سالہ ایتھل کیٹرہم نے کے مطابق وہ سب کی بات سنتی ہیں لیکن وہی کرتی ہیں جو انہیں پسند ہوتا ہے اور انکے نزدیک طویل زندگی کا سادہ راز ہے کہ کبھی کسی سے بحث نہ کرو۔
ایتھل کیٹرہم جنوبی انگلینڈ کے گاؤں شپٹن بیلنگر میں 21 اگست 1909 کو پیدا ہوئیں اور آٹھ بہن بھائیوں میں ساتویں نمبر پر ہونے والی ایتھل کو سیاحت کا شوق رہا۔
18 سال کی عمر میں 1927 میں انہوں نے برصغیر کا سفر کیا اور تین سال تک ایک برطانوی خاندان کے ہاں کام کیا۔
1931 میں ان کی ملاقات اپنے شوہر نورمن سے ہوئی جو برطانوی فوج میں خدمات انجام دیتے تھے اور ہانگ کانگ و جبرالٹر میں تعینات رہے۔
نورمن کا انتقال 1976 میں ہوا اور ایتھل نے اپنی دو بیٹیوں کی پرورش برطانیہ میں کی۔
فی الحال کیمبرلی کے ایک نرسنگ ہوم میں رہائش پذیر ایتھل نے اپنی 115ویں سالگرہ پر کیک کاٹا جہاں انہوں نے سر پر "115" نمبر کا تاج پہنا اور نرسنگ ہوم نے اپنی فیس بک پوسٹ میں انہیں دنیا کی معمر ترین شخصیت بننے پر مبارکباد دی۔
واضح رہے کہ 30 اپریل کو برازیل کی 116 سالہ اناہ کانابرو لیوکاس کے انتقال کے بعد ایتھل کو یہ اعزاز ملا۔






















