ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنانے کے سفر میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا گیا، پاکستان نے زمین سے زمین پر 120 کلو میٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے والے فتح سیریز میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا۔ صدر مملکت، وزیراعظم اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے مسلح افواج کو شاباش دی۔
پاکستان کا 3 روز میں دوسرا میزائل تجربہ، انڈس مشقوں کے دوران زمین سے زمین پر مار کرنیوالے فتح سیریز کے میزائل کی کامیاب لانچنگ کردی، جدید نیوی گیشن سسٹم سے لیس میزائل 120 کلومیٹر تک ہدف کو بہتر اور درست انداز میں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سینئر افسران، اسٹریٹجک اداروں کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے میزائل لانچنگ کا مشاہدہ کیا، تجربے کا مقصد آپریشنل تیاریوں کو یقینی بنانا ہے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اورآرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔ عسکری قیادت کا آپریشنل تیاری اور تکنیکی مہارت پر مکمل اظہار اطمینان کیا۔
کہا پاک فوج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے اور اس کی آپریشنل تیاری اور تکنیکی مہارت پر مکمل اعتماد ہے۔
سیاسی قائدین کی بھی کامیاب تجربے پر سائنسدانوں کو مبارکباد، صدر مملکت آصف زرداری نے ملکی سلامتی اور دفاع یقینی بنانے کے قومی عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا میزائل کی تربیتی لانچ کی کامیابی سے واضح ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے تہنیتی ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔ کہا کامیاب تجربہ زمین سے زمین تک ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنانے میں ایک اور سنگ میل ہے، پاک فوج نے مشکل حالات میں قوم کو بہترین تحفہ دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ فتح میزائل دشمن کی ایئربیسز اور فوجی تنصیبات کو تباہ کرنے میں معاون ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ہفتہ 3 مئی کو پاکستان نے ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا، جس کی رینج 450 کلو میٹر ہے، یہ میزائل ایٹمی وار ہیڈ لے جانے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔