مئی سے جولائی کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں معمول کے مطابق بارشوں کا امکان ہے جبکہ اس دوران ملک کے میدانی علاقوں میں ہیٹ ویو اور کہیں سیلاب کا بھی خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق فروری سے اپریل تک سندھ اور جنوبی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں معمول سے کم بارش ہوئی، شمالی اور وسطی علاقوں میں درمیانی اور شدید بارشیں ہوئی جب کہ بارش کم ہونے کی وجہ سے مٹی میں نمی بھی کم ہوگئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ مئی سے جولائی کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں معمول کے مطابق بارش کا امکان ہے جبکہ وسطی سے جنوبی حصوں میں معمول سے زیادہ بارش ہوسکتی ہے۔
شمال مشرقی پنجاب میں سب سے زیادہ بارش کا امکان ہے،خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان اور کشمیر میں معمول سےکم بارش متوقع ہے، پنجاب، سندھ، بلوچستان اور جنوبی خیبرپختونخوا میں معمول کے مطابق بارش ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مئی سے جولائی کے دوران ہیٹ ویو کا امکان بھی موجود ہے، جنوبی پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں ہیٹ ویوز آسکتی ہیں، جون، جولائی میں سندھ، پنجاب، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے کچھ علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔
اس دوران خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں، گلگت بلتستان اور کشمیر میں درجہ حرارت میں اضافے کی توقع ہے، زیادہ درجہ حرارت سے برف پگھلنے کی رفتار بڑھے گی اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگا۔