تحریک انصاف نے مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ میں نظرثانی کیس کی کارروائی کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کر لیا۔
اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی کا رات گئے مشترکہ اجلاس ہوا، جس میں خواتین نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے نئے بینچ پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کیس کی کارروائی کا حصہ نہیں بنا جائے گا۔
پی ٹی آئی کی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں نو مئی کے احتجاج کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔ طے پایا کہ احتجاج کا دائرہ کار اضلاع، صوبائی سطح یا پارلیمنٹ میں رکھنے سے متعلق فیصلہ مشترکہ رائے سے کیا جائے گا۔اجلاس میں پاک بھارت کشیدگی کی موجودہ صورتحال پر بھی جائزہ لیا گیا۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 2024 کے عام انتخابات کے بعد ایک مشکل سیاسی فضا میں ہے۔ انتخابات میں آزاد حیثیت سے جیتنے والے ارکان نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی، جس کے بعد پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں نہیں دی گئیں۔ اس پر پارٹی نے قانونی چارہ جوئی کی اور معاملہ سپریم کورٹ تک پہنچا۔ پی ٹی آئی کی جانب سے مخصوص نشستوں کے لیے نظرثانی کی درخواست دائر کی گئی تھی، جس پر حال ہی میں نیا بینچ تشکیل دیا گیا۔