وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ بھارت نے پہلگام واقعہ کے حقائق کا پتالگانے کیلئے تحقیقات کی پیشکش کا جواب دیناہے۔
ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نیزیرولو سے ملاقات میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کیلئے ترکیہ کی حمایت تاریخی، گہرے برادرانہ تعلقات کی عکاس ہے، ترکیہ پہلگام حملے کی شفاف تحقیقات میں شامل ہوتا ہے تو خیرمقدم کیا جائے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعہ کے بعد بھارتی اشتعال انگیزیوں کے باوجود پاکستان کاردعمل ذمہ دارانہ رہا، پاکستان نے ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کی ہے، پاکستان نے انسداد ہشتگردی کی کوششوں میں عظیم قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان نے90ہزار شہادتیں،152بلین امریکی ڈالر سے زائد کا معاشی نقصان اٹھایا۔
شہبازشریف نے کہا کہ بھارتی اقدامات انسداددہشتگردی کی کوششوں سے توجہ ہٹانے کی مذموم کوشش ہے، بھارت پہلگام واقعہ میں پاکستان کے ملوث ہونے کے ثبوت دینے میں ناکام رہا ہے، بھارت پاکستان کو پہلگام واقعہ سے جوڑ نے کی سازش کررہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پہلگام واقعہ کے حقائق کا پتالگانے کیلئے تحقیقات کی پیشکش کاجواب دیناہے، پاکستان قابل اعتماد، شفاف، غیرجانبدار بین الاقوامی تحقیقات میں مکمل تعاون کرے گا، پاکستان اپنی اقتصادی بحالی اورترقی پر مکمل توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، ہمیں اقتصادی بحالی، ترقی کیلئے پڑوس میں امن،سلامتی کی ضرورت ہے۔