اسپتالوں کی اوپی ڈیز میں طبی عملے کی ہڑتال پر پنجاب حکومت بڑا ایکشن لے لیا، صوبائی حکومت نے ڈاکٹرز کے پریکٹس لائسنس منسوخ کرانے کیلئے پی ایم ڈی سی کو مراسلہ لکھ دیا۔
پنجاب کے مختلف اسپتالوں میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کے تحت ڈاکٹرز نے او پی ڈیز میں ہڑتال کر رکھی ہے، جس پر پنجاب حکومت نے بڑا ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پنجاب حکومت نے ہڑتال میں ملوث ڈاکٹرز کا پریکٹس لائسنس منسوخ کرنے کیلئے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو درخواست بھجوادی۔
محکمہ صحت پنجاب نے 8 ڈاکٹرز کا پریکٹس لائسنس منسوخ کیلئے پی ایم ڈی سی کو مراسلہ بھیجا ہے، جس میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران کے نام شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جن ڈاکٹرز کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ان میں چلڈرن اسپتال کے ڈاکٹر احمد یار، نشتر اسپتال کے ڈاکٹر سلمان غفور اور ندیم ثاقب کے نام شامل ہیں جبکہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے 3 اور بینظیر بھٹو اسپتال راولپنڈی کے ڈاکٹرز کے بھی لائسنس منسوخ کرنے کا کہا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اسپتالوں میں علاج رکوانے والے ڈاکٹرز کے لائسنس معطل کیے جائیں، جبکہ پی ڈی ایم سی کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان ڈاکٹرز کے پریکٹس لائسنس ہمیشہ کیلئے ختم کردیئے جائیں۔