بھارت کی خفیہ ایجنسی ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ ( را ) کے سابق سربراہ امرجیت سنگھ دولت نے پہلگام حملہ بھارتی سکیورٹی اداروں کی ناکامی قرار دے دیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے ’ بی بی سی ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے را کے سابق سربراہ امرجیت سنگھ دولت کا کہنا تھا کہ پہلگام میں جو ہوا وہ سکیورٹی اداروں کی ناکامی تھی اور وہاں سکیورٹی نہیں تھی۔
سابق سربراہ را کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان باقاعدہ جنگ کا امکان نہیں اور معاملات بات چیت سے حل ہونے کی توقع ہے۔
امرجیت سنگھ دولت کا کہنا تھا کہ ابھی پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی ہے تاہم دونوں ملکوں میں کشیدگی بات چیت سے ختم ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام حملے میں کشمریوں کا کوئی قصور نہیں اور کشمیریوں کو پہلگام واقعے پر نشانہ بنانا افسوسناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر سرجیکل سٹرائیک یا بالاکوٹ جیسا محدود فوجی آپریشن کرنا پڑے تو یہ مناسب ہو سکتا ہے لیکن جنگ کی بات جوہری ہتھیاروں کے تناظر میں کی جاتی ہے اور یہ محض دھمکیوں تک محدود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر طرف سے جنگ کے قریب ہونے کی باتیں سنائی دیتی ہیں لیکن میرا ماننا ہے کہ جنگ آخری اور بدترین آپشن ہے۔
امرجیت سنگھ نے زور دیا کہ جنگ سے بچنا ہی بہتر ہے کیونکہ اس کے نتائج تباہ کن ہو سکتے ہیں۔