وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے اور انہیں جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔
جمعرات کو ہونے والے رابطے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کیلئے امیر قطر کی حمایت دوطرفہ گہرے برادرانہ تعلقات کی عکاس ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی ہر شکل کی مذمت کی ہے۔
وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم کی قربانیوں کو اجاگر کیا اور ثبوت کے پہلگام واقعہ سے پاکستان کو جوڑنے کی بھارتی کوششوں کو مسترد کیا۔
شہباز شریف نے پاکستان کی جانب سے واقعہ کی شفاف اور غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کا اعادہ کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے سندھ طاس کے حوالے سے آبی جارحیت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی ناقابل قبول ہے اور یہ 24 کروڑ پاکستان عوام کی لائف لائن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی استحکام کی راہ پر گامزن ہے اور پہلگام جیسے کسی واقعے میں ملوث ہونے سے کوئی فائدہ حاصل نہیں ہو گا۔
گفتگو کے دوران قطر کے امیر نے جنوبی ایشیا میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ قطر موجودہ کشیدگی میں کمی کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔