لاہور چیمبر آف کامرس نے ایک کروڑ روپے سے ’’وار فنڈ‘‘ قائم کردیا۔ صدر ایل سی سی آئی کا کہنا ہے کہ فنڈ مسلح افواج اور قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے قائم کیا گیا ہے۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد نے جنگی حالات میں قومی یکجہتی کیلئے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ایک کروڑ روپے سے ’وار فنڈ‘ قائم کر دیا، یہ فنڈ خاص طور پر مسلح افواج اور قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے تاجر برادری اور عوام پر زور دیا کہ وہ اس فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالیں۔ ابو ذر شاد نے کہا کہ تاجر برادری پاکستان کی سالمیت اور سلامتی کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔
وار فنڈ کا بنیادی مقصد اس مشکل وقت میں قومی اداروں کی مدد کرنا ہے۔ میاں ابوذر شاد نے اس بات کا اعادہ کیا کہ لاہور چیمبر نے ہمیشہ قومی مفادات کو ترجیح دی ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔
دریں اثناء لاہور چیمبر نے افواج پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور بھارتی دھمکیوں کے خلاف ملک کے دفاع میں ان کی انتھک کوششوں پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ایک بیان میں صدر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چوہدری نے بھارتی حکومت کی انتہا پسندانہ پالیسیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو جنگی جرائم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور علاقائی امن کو درہم برہم کرنے کا ذاتی طور پر ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے ریندر مودی کو ایک بین الاقوامی مجرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کو اس کا احتساب کرنا چاہیے۔