نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے ملاقات کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور حالیہ علاقائی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے قومی مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کے کردار پر زور دیا۔
نٹالی بیکر نے خطے میں تناؤ میں کمی کی امریکی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ امریکا بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کے تناظر میں پاکستان اور دیگر ممالک کے ساتھ رابطے میں رہے گا۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر تعاون بڑھانے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔