وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسپین کے وزیر خارجہ جوزے مینوئل الباریس سے رابطہ کیا ہے، جس میں دونوں رہنماؤں نے حالیہ علاقائی پیش رفت اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے ہسپانوی ہم منصب کو خطے میں بھارتی پروپیگنڈا، سندھ طاس معاہدے کو التوا میں رکھنے کی کوششوں اور ان اقدامات کی عالمی قوانین کے تناظر میں خلاف ورزی سے آگاہ کیا۔ پاکستان علاقائی امن و سلامتی کا خواہاں ہے اور کسی بھی واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے تیار ہے۔
اسپین کے وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے معاملات کے پرامن حل کے لیے کی گئی کوششوں کو سراہا اور شفاف تحقیقات کی تجویز کا خیرمقدم کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور خطے میں امن، قانون کی حکمرانی اور شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔