سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے سماء نیوز کے پروگرام ’ ندیم ملک لائیو‘میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خطے کی حفاظت کیلئے آخری حد سے بھی آگے جائیں گے، بھارت ہمارا پانی بند نہیں کر سکتا، پانی ہماری لائف لائن ہے، اگر بھارت نے بند کیا تو ہم انہیں نہیں چھوڑیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ملک احمد خان نے کہا کہ مودی کے حوالے سے کسی کو ابہام نہیں ہونا چاہیے، مودی نے بھارت کا انفرا اسٹرکچر بدلنے کی کوشش کی ہے، ہمارے سپہ سالار کی تقریر جنگی نہیں تھی، وطن کی حرمت پر ہماری جان، مال اور اولاد سب قربان ہے، بھارت پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے، بھارت نے اگر کچھ کرنے کی کوشش کی تو ایسا جواب دیں گے کہ ان کی نسلیں یاد رکھیں گی۔
جاوید شیخ
اداکار جاوید شیخ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام افسوسناک واقعہ ہے، ہم مذمت کرتے ہیں، بھارت سے بھی آواز اُٹھ رہی ہیں کہ پہلگام واقعے میں پاکستان کیسے ملوث ہے، بھارت نے حملہ کیا تو پاک فوج تیار بیٹھی ہے، سخت جواب دیں گے، ہمارے ذاتی اختلافات کچھ بھی ہوں، جنگ ہوئی تو ہم اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔
جاوید میانداد
پاکستان کے سابق کپتان جاوید میانداد نے کہا کہ بھارت اس طرح کی چیزیں کرتا رہتا ہے، ہم تیار ہیں، ہمیں کوئی فکر نہیں، ہم ہر چیز کیلئے تیار ہیں، ہوائی فائر پہلے بھی ہوتے رہے ہیں، ہوسکتا ہے مودی اپنی کرسی بچانے کیلئے یہ سب کر رہے ہوں، بھارتی عوام ان سے تنگ آچکی ہے، اور مودی بہت پیچھے چلے گئے ہیں۔