ملک میں گرمی کی حالیہ لہر کا زور ٹوٹنے کی امید بندھ گئی کیونکہ محکمہ موسمیات نے بالائی اور وسطی علاقوں میں طوفانی ہواؤں ، بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کردی ۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے یکم مئی سے چار مئی کے دوران بالائی اور وسطی علاقوں میں جھکڑ چلنے اور بارش کا امکان،چند مقامات پر اولے بھی پڑ سکتے ہیں جس کے باعث گرمی کی لہر میں کمی متوقع ہے، محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری کے مطابق اسلام آباد خطہ پوٹھوہار،منڈی بہاالرین،سیالکوٹ نارووال،لاہور، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ ،میانوالی، خوشاب، قصور،سوات مانسہرہ، پشاور، مردان، مہمند، باجوڑ ،کرک،شانگلہ ،کوہستان ، بونیر اور مالاکنڈ میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے.دو مئی سے پانچ مئی کے دوران ملتان، ڈی جی خان ، بہاولپور، بہاولنگر، سکھر، میرپور خاص، تھر پارکر، عمر کوٹ ، سانگھڑ، ژوب ، خضدار، عیسیٰ خیل اور موسیٰ خیل میں بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ آندھی تیز بارش اور ژالہ باری کے دوران کمزور انفرااسٹرکچر کو نقصان کا اندیشہ ہے،کاشتکار اپنے فصلوں خصوصاً گندم کی کٹائی کے معاملات موسم کو دیکھ کر ترتیب دیں ۔