پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے بھارت کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ عزت سے ہمارے گھر آو گے تو عزت کریں گے اور چائے بھی پلائیں گے، ہمیں بدمعاشی نہ دکھاؤ۔
واہگہ بارڈر پر ندیم ملک لائیو ٹرائسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہاہے کہ میں بہت عرصہ سے واہگہ بارڈر پر آنے کا سوچ رہا تھا اور آج یہاں پر آیاہوں ، بہت ہی شاندار تجربہ رہاہے ، میں اپنی اور فیملی کی طرف سے شعر سنانا چاہوں گا :
’’ نفرتوں کے نام سے بھی ہم تبسم کرتے ہیں،
محبتوں کے ساتھ ہم تکلم کرتے ہیں
وہ وطن سے وفاداری کا ثبوت مانگتے ہیں
ہم تو وطن کی خاک سے تیمم کرتے ہیں ‘‘
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اس ملک نے عزت اور شہرت سمیت سب کچھ دیاہے ، ہم سب اپنے ملک کے ساتھ کھڑے ہیں ، اگر اسلام کی بات کریں، پیارے نبیﷺ کی بات کریں تو انہوں نے جتنی بھی جنگوں میں حصہ لیا وہ اپنے دفاع میں لیا، اسلام امن کا نام ہے ، ہم محبت کرنے والے لوگ ہیں ، عزت سے ہمارے گھر آو گے تو عزت کریں گے اور چائے بھی پلائیں گے، آپ نے پانی بند کر کے الٹا اپنا نقصان ہی کرنا ہے ، آپ کے مہمانوں کو چائے کون بنا کر دے گا، ہم امن اور پیار کی زبان جانتے ہیں، ہمیں بدمعاشی نہ دکھاو، اگر دکھاو گے تو ہماری تاریخ اور کلچر طاقت ہے ، جواب ملے گا۔
ابرار الحق
پاکستان کے معروف گلوکار برار الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم امن پسند اور اقلیتوں سے محبت کرنے والے لوگ ہیں، بھارت کسی بھی آپریشن سے گریز کرے، ہماری قوم نے بھارت کے ڈرامے کا مذاق بنایا ہوا ہے، ملک کی بات ہو تو ہم بہت خطرناک لوگ ہیں، ڈیزاسٹر ہمیں جوڑ دیتا ہے،ہم جُڑ چکے ہیں، بھارت نے پانی بند کرنے کا نعرہ لگایا ہم نے ان کی ایئراسپیس بند کر دی،بھارت میں 10 علیحدگی پسند تحریکیں چل رہی ہیں، پاکستانی عوام بھارتی عوام سے زیادہ سکھ میں رہتے ہیں۔
صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑا
صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ ابھی نندن کو چائے پلا کر بھیجا،یہ بھارت کو پیغام تھا، کوئی پاکستان کے وقار کو مجروح کرے گا تو قوم جواب دے گی، قومی سلامتی کمیٹی نے بھی امن کا پیغام دیا ہے، جو سکھ یاتری پاکستان آناچاہتے ہیں ان کیلئے دروازے کھلے ہیں، کوئی بھی آجائے ہم ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ میرابھارت میں بہت سے سکھ یاتریوں سے رابطہ ہے، جو سکھ یاتری پاکستان آنا چاہتے ہیں ان کیلئے دروازے کھلے ہیں، بھارت میں ہندوتوا کی سوچ چل رہی ہے، کینیڈا کے وزیراعظم نے کہا بھارت ان کے ملک میں دہشتگردی کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کینیڈین وزیراعظم سمیت کسی نے نہیں کہا پاکستان دہشتگردی کر رہا ہے، پاکستان کے عوام گولی کا جواب بھی محبت سے دیتے ہیں، بھارت میں مودی سرکار کیلئے نفرت پیدا ہو رہی ہے، بھارت دنیا میں خود کو سیکولر ریاست کہتاہے،لیکن ایسا نہیں، ہمیں دنیا کو دکھانا چاہیے کہ پاکستانی عوام امن پسند ہیں، کشمیری مسلمان آج بھی انصاف کیلئے تڑپ رہے ہیں، بھارتی میڈیا آگ لگا رہا ہے،پاکستانی میڈیا امن کی بات کر رہاہے، مودی نے گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام کیا۔