بلوچستان کے ضلع نوشکی میں تیل سے بھرے ٹرک میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 40 افراد جھلس گئے۔
اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کے بعد ڈرائیور نے ٹرک کو آبادی سے دور لے جا کر کھڑا کر دیا اور آگ بجانے کے لئے فائر بریگیڈ کا عملی پہنچا تو ٹرک میں موجود تیل کے باعث زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں فائر بریگیڈ کی گاڑی بھی لپیٹ میں آگئی۔
ڈپٹی کمشنر نوشکی امجد سومرو کے مطابق دھماکے میں 40 افراد جھلس کر زخمی ہوئے جن میں 15 کی حالت تشویش ناک ہے۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو سول ہسپتال کے ٹرامہ سینٹر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق واقع کے بعد ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے متاثرہ افراد کو طبی امداد فراہم کی جاررہی ہے اور واقعہ افسوسناک ہے جس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
دوسری جانب چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
اپنے بیان میں پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نوشکی میں پیش آنیوالے واقعے کی فوری تحقیقات کی جائیں اور متعلقہ حکام آئندہ اس طرح کے حادثات کی روک تھام کو یقینی بنائیں جبکہ حادثے کے زخمیوں کے بہتر علاج معالجہ کو یقینی بنایا جائے۔