سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے جنگ کی تو انکے خون سے ہولی کھیلیں گے۔
ڈپٹی چئیرمین سیدال خان ناصر کی زیرصدارت ہونے والے سینیٹ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ پانی کی دھمکی دی گئی تو پہلا حملہ پاکستان خود بھارت پر کرے گا اور ہم حملے کیلئےانتظار نہیں کریں گے۔
سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے اور پی ٹی آئی کو ساتھ بٹھایا جائے، ہمیں قابل تربیت یافتہ ویژن والا اور تیار رہنے والا آرمی چیف ملا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب ابھینندن آیا تھا تو میں نے بارڈر پر جا کر بھارت کا پرچم پاؤں تلے روندا تھا، میں نے پاکستان کا جھنڈا بھی بارڈر پر لگایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم چوک ہوئے تو پوری دنیا چوک ہو جائے گی، ہم جب اللہ اکبر کا نعرہ لگا کر میدان میں نکلتے ہیں تو کوئی نہیں روک سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشگردی کے ہر واقعے کی مذمت کرتے ہیں، اگر ہم پر جنگ تھوپی گئی تو پورا پاکستان کھڑا ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی یا باقی جو بھی ہے وہ بعد میں دیکھ لیں گے، اب معاملہ یہ ہے کہ باہر والا ہمارے اندر دیکھ رہا ہے، پاکستانی میڈیا کا شکریہ ادا کرتا ہوں جس نے ذمہ دارانہ صحافت کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پوری پاکستانی قوم فوج کے ساتھ ہے ، بڑے ممالک ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، آرمی چیف کو کریڈیٹ دیں ہم نے بھارت کو مالی طور پر نقصان پہنچایا۔