ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ قطر میں بھارتی جاسوسوں کی گرفتاری دیگر ممالک میں بھارتی تخریب کاری نیٹ ورک کی موجودگی کی تصدیق کرتا ہے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان طویل مدت سےبھارتی تخریب کار نیٹ ورک سے متعلق بات کر رہا ہے، ہمیں حیرت نہیں ہوئی جب یہ ریٹائرڈ بھارتی نیول افسران پکڑے گئے۔ ہم نے حاضر سروس بھارتی نیوی افسر کو پاکستان میں پکڑا، کلبھوشن ملک میں دہشتگردی کا سہولت کار اور فنانسر تھا۔ دنیا کے سامنے تمام حقائق آ چکے پیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ غزہ میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملے پر پاکستان نے شدید مذمت کی ہے۔ عام شہریوں کو مزید قتل عام سے بچانے کے لیے فوری اور غیر مشروط جنگ بندی پر زور بھی دیا ہے ۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنے بیان میں کہا ہے جبالیہ کیمپ حملے میں بچوں،خواتین سمیت درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ حملہ غزہ کے لوگوں کے خلاف اسرائیل کے جنگی جرائم میں ایک اور اضافہ ہے، بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں محصور لوگوں کو بلا تعطل امدادی سامان فراہم کرنا ضروری ہے ، عالمی برادری غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کیلئے اقدامات کرے ۔
ترجمان کے مطابق سعودی عرب میں 12 ہزار جعلی پاسپورٹس پر گرفتاریوں کا معاملہ وزارت داخلہ دیکھ رہی ہے، افغانیوں کے ساتھ مبینہ بد سلوکی کی رپورٹس کو بھی وزارت داخلہ دیکھ رہی ہے۔ حکومت نے واپس جانے والوں کی باعزت واپسی کو یقینی بناینے کی ہدایت کی ہے، کسی بھی شکایت کیلئے 24 گھنٹے کیلئے ہیلپ لائنز قائم کی گئی ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے مزید کہا کہ گزشتہ دنوں غیر ملکی تارکین وطن کے خلاف امیگریشن منصوبے پرعمل شروع ہوگیا، پاکستان نے ایک ماہ قبل غیرقانونی غیر ملکیوں کو ملک چھوڑنے کی تنبیہ کی تھی۔ پناہ گزین کا درجہ رکھنے والے تارکین وطن پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔