وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں موجودہ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستانی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نےچینی وزیر خارجہ وانگ ژی سےگفتگو میں بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے ساتھ ساتھ بے بنیاد پراپیگنڈے کو سختی سے مسترد کیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چین کی مستقل اور غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کی چین کے ساتھ پائیدار دوستی اور شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا۔دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی احترام، سمجھ بوجھ کو فروغ دینے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
لاہور میں اولڈ راویان ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان نے خارجہ محاذ پر مؤثر حکمت عملی اپنائی ہے اور بھارت کے اقدامات کا بھرپور اور مناسب جواب دیا ہے،بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کے اعلان کو غیر ذمہ دارانہ عمل قرار دیا۔
اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ کوئی بھی ملک یکطرفہ طور پر اس معاہدے کو معطل یا تبدیل نہیں کر سکتا، اس کے لیے فریقین کی باہمی رضا مندی ضروری ہے۔