سکھ فار جسٹس کے رہنما پرمجیت سنگھ نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان پر حملے کی کوشش کی تو سکھ فوجی بغاوت کریں گے۔
سماء کے پروگرام ’ دو ٹوک ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سکھ رہنما پرمجیت سنگھ کا کہنا تھا کہ لندن میں بھارتی شرپسندوں کا پاکستانی سفارتخانے پر حملہ افسوسناک ہے اور یکم مئی کو سکھ قوم لندن میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے احتجاج کرے گی۔
پرمجیت سنگھ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سکھ قوم مسلمانوں پر مظالم کے خلاف کھڑی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے اپنے لوگوں کو خود قتل کیا اور الزامات پاکستان پر لگائے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل خالصتان تحریک کے سرکردہ رہنما اور سکھ فار جسٹس کے سربراہ گرپتونت سنگھ پنوں نے پہلگام حملے کو بھارتی خفیہ ایجنسی (را) کا فالس فلیگ آپریشن قرار دیا تھا۔
ویڈیو پیغام میں سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ مودی کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول کی نگرانی میں منصوبہ بنایا گیا۔ فالس فلیگ آپریشن کو نریندر مودی اور امت شاہ کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
سکھ رہنما گرپتونت سنگھ نے کہا کہ حملے سے کشمیر کی تحریک آزادی کو نہیں مودی سرکار کو فائدہ ہوا، جے ڈی وینس کے دورے کے دوران ایجنڈے کے تحت حملہ کروایا گیا۔