وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پہلگام واقعہ کی ایف آئی آر ہی بھارت کے جھوٹ کا پول کھول رہی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلگام کا علاقہ ایل او سی سے 150 کلومیٹر دور ہے اور کسی بھی تحقیقاتی ایجنسی کے لیے واقعہ کے صرف 10 منٹ بعد ایف آئی آر درج کرنا ممکن نہیں۔
انہوں نے اسے بھارت کی پیشگی منصوبہ بندی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد پاکستان پر الزام تراشی تھا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ملک ہے جس نے اس کے خلاف جنگ میں 90 ہزار جانیں قربان کیں اور معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان برداشت کیا۔
انہوں نے بھارت کو دہشت گردی کا سرپرست قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو، جو بھارتی نیوی کا کمیشنڈ افسر تھا پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھا اور اس کی گرفتاری اس کا واضح ثبوت ہے۔
وزیر اطلاعات نے سوال اٹھایا کہ بھارت بغیر ٹھوس ثبوت کے پاکستان پر الزامات کیسے عائد کر سکتا ہے؟۔
انہوں نے زور دیا کہ بھارت کا یہ پروپیگنڈا اس کے دہشت گرد ایجنڈے کو بے نقاب کرتا ہے۔