پاکستانی فنکاروں نے بھارتی میڈیا کے جنگی جنون اور بے بنیاد الزامات کا دوٹوک جواب دیتے ہوئے اپنے وطن کے دفاع میں آواز بلند کی ہے۔
مقبوضہ کشمیر کے پہلگام میں حالیہ دہشت گردی کے واقعے کے بعد بھارت نے ثبوت کے بغیر پاکستان پر الزامات عائد کرتے ہوئے سفارتی تعلقات منقطع، سندھ طاس معاہدہ معطل، واہگہ-اٹاری بارڈر بند اور پاکستانی فنکاروں پر پابندیاں عائد کردیں۔
بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر جنگی جنون کو ہوا دینے کے جواب میں پاکستانی قوم اپنے مزاح اور غیر متزلزل حوصلے کے ساتھ ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے۔
اس موقع پر پاکستانی فنکار بھی کھل کر سامنے آئے اور وطن کے لیے یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
معروف اداکار شمعون عباسی نے انسٹاگرام پر بھارتی پروپیگنڈے کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہم 26 جانوں کے نقصان پر افسردہ ہیں لیکن بھارتی میڈیا بغیر تحقیق کے جھوٹ پھیلا رہا ہے، میں نے حقائق جانچنے کے بعد بات کی جبکہ بھارت صرف جنگی جنون بھڑکا رہا ہے۔
اداکار و ہدایت کار یاسر نواز نے ویڈیو پیغام میں کہا بھارتیوں کو کیا لگتا ہے کہ ہم کمزور ہیں؟ اگر آپ نیوکلیئر پاور ہیں تو ہم بھی ہیں، سیاسی اختلافات ایک طرف لیکن وطن کی حفاظت کے لیے ہم سب ایک ہیں۔
گلوکار فرحان سعید اور عمیر جسوال نے بھارتی میڈیا کی بچگانہ حرکات کو ’کرنج‘ قرار دیتے ہوئے اس کا مذاق اڑایا۔