وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پانی ہماری لائف لائن،اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، پاکستان کا پانی روکنے کی ہر کوشش کا قومی طاقت سے جواب دیں گے۔
پی ایم اے کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ پہلگام واقعہ پربےبنیاد الزامات کاسلسلہ شروع کیا گیا، ہمسایہ ملک کی طرف سے بغیر ثبوت پاکستان پرالزام تراشی کی گئی، پاکستان پہلگام واقعہ کی غیرجانبدارانہ تحقیقات میں تعاون کیلئےتیارہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ وطن عزیزکی سالمیت پرکوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، امن ہماری خواہش ہے لیکن اسے کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان اپنی سلامتی اور خودمختاری کا ہرقیمت پر تحفظ کرے گا، کوئی مہم جوئی ہوئی تو فروری2019 کی طرح منہ توڑجواب دیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کوحق خودارادیت دیناہوگا، کشمیرپاکستان کی شہ رگ اور عالمی سطح پرمتنازع علاقہ ہے، کشمیرپاکستان کی شہ رگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کی ہے، دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے پاکستان سےزیادہ کسی کی قربانیاں نہیں، پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بھاری جانی، مالی نقصان اٹھایا۔ پاکستان عالمی امن کے قیام کیلئے ذمہ داریوں سےمکمل آگاہ ہے، اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ذمہ داریاں پوری کرتےرہیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان سے تعلقات کے حوالے سے نائب وزیراعظم نے کابل کا دورہ کیا، افغان حکومت فتنہ الخوارج کے ہاتھوں اپنی سرزمین کااستعمال روکے، افغانستان کے ساتھ پرامن اور مستحکم تعلقات چاہتے ہیں۔
شہبازشریف نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری میں اضافے اور اقتصادی ترقی پرتوجہ مرکوز ہے، معاشی استحکام کیلئے کوششیں باآورہورہی ہیں۔
تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ پاسنگ آؤٹ پریڈمیں شرکت میرےلیےاعزازکی بات ہے، پاکستان کی مسلح افواج پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث نام رکھتی ہیں، ہماری مسلح افواج تنظیم، اتحاد اور قومی مفاد کی تکمیل اورعزم کا نشان ہیں۔
اس سے قبل وزیراعظم شہبازشریف کی پاس آؤٹ کیڈٹس کو مبارکباد دی، وزیراعظم شہبازشریف نے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے۔ وزیراعظم شہبازشریف پاسنگ آؤٹ پریڈ کے مہمان خصوصی تھے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی تقریب میں شریک تھے۔