وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کے دو روزہ سرکاری دورے پر انقرہ پہنچ گئے ہیں۔
انقرہ ایئرپورٹ پر ترک وزیر دفاع اور دیگر اعلیٰ حکام نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد یہ شہباز شریف کا ترکیہ کا پہلا دورہ ہے۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف ترک صدر رجب طیب ایردوان سے ون آن ون ملاقات کریں گے جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔
دونوں رہنما ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف ترک سرمایہ کاروں اور کاروباری وفود سے بھی ملاقاتیں کریں گے تاکہ باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دیا جا سکے۔
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے یہ دورہ اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔