جامشورو کے علاقے تھانہ بولا خان میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں مزدہ گاڑی الٹ کر کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 16 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 5 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
گندم کی کٹائی کرکے واپس اپنے گھر بدین جاتے ہوئے مزدوروں کی گاڑی الٹ گئی ۔ بچوں اور خواتین سمیت سولہ افراد جاں بحق جبکہ آٹھ زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کا تعلق کولہی برادری سے ہے۔
حادثہ تھانہ بولا خان سے 100 کلومیٹر دور پیش آیا۔ کچے راستے اور دور دراز علاقہ ہونے کے باعث ریسکیو ٹیموں اور پولیس کو موقع پر پہنچنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ مقامی لوگوں نے زخمیوں اور لاشوں کو اپنی مدد آپ کے تحت تونگ اسپتال منتقل کیا۔
ادھر اسپتال میں سہولیات نہ ہونے پر زخمی تڑپتے رہے ۔ ڈی سی جامشورو غضنفر علی قادری کا کہنا تھا کہ کولہی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد مزدوری کےلئے دریجی گئے تھے جہاں سے واپسی پر تونگ کے قریب حادثے کا شکار بنے۔
حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور حکام کا کہنا ہے کہ علاقے کی سڑکوں کی خستہ حالی اور تیز رفتاری ممکنہ طور پر حادثے کا سبب ہو سکتی ہیں۔