ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کے گیارہویں میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جبکہ پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے تھے۔
پشاور زلمی کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے 46 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ محمد حارث نے 28، الزاری جوزف نے 24 اور حسین طلعت نے 18 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کی بولنگ میں خوشدل شاہ اور عباس آفریدی چھائے رہے، دونوں نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں کراچی کنگز نے مطلوبہ ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور کی تیسری گیند پر حاصل کر کے کامیابی سمیٹ لی۔
کنگز کی جانب سے کپتان ڈیوڈ وارنر 60 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ خوشدل شاہ کے 23 رنز نے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
زلمی کی جانب سے لیوک ووڈ نے 3 اور علی رضا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔






















