کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور ویوین رچرڈز کا کہنا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ لاہور کا وینیو ہمارے لیے اچھی قسمت لائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور ویوین رچرڈز کا کہنا تھا کہ ہم آخری دو میچز ہارے ہیں اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اس طرح نہیں کھیلی جیسی کہ وہ کھیل سکتی ہے تاہم نیا وینیو ہے نئی کنڈیشنز ہیں ہم جانتے ہیں کہ ہم بہتر کر سکتے ہیں۔
ویوین رچرڈز کا کہنا تھا کہ مارک چیپمین جیسا پلئیر ہمارے اسکواڈ میں آیا ہے، اس نے نیوزی لینڈ کے لیے بہت اچھا کر رکھا ہے اور وہ اچھا کھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ جتنی مرضی اچھی ٹیم ہوں بعض اوقات آپ ہارتے بھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابھی گرے ہوئے ہیں لیکن آوٹ نہیں ہیں، مجھے یقین ہے کہ ہم آگے بہتر کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میرا دوسرا گھر ہے، میں کئی برسوں سے یہاں آ رہا ہوں اور میں ویسٹ انڈیز ٹیم کے ساتھ بھی آ چکا ہوں، مجھے یہاں آنا اچھا لگتا ہے، کرکٹ جہاں مجھے لے کر جائے گی میں وہاں خوش ہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ سعود شکیل کی کپتانی سے کوئی مسئلہ نہیں، اس وقت وہ اچھا کر رہا ہے اور اختتام پر ہمیں یہ فیصلہ کرنا چاہئے کہ وہ کیسا کپتان ہے ، دو میچز ہارنے کے بعد ہمیں حوصلہ شکنی نہیں کرنی چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم کا مورال بہت اچھا ہے اور میں اتنا کہہ سکتا ہوں میں ٹاپ آرڈر پر بات نہیں کر سکتا۔