اسلام آباد میں آج جماعت اسلامی کی جانب سے غزہ مارچ کا اہتمام کیا گیا ہے، اس سلسلے میں انتظامیہ نے ریڈ زون سیل کر دیا۔
اسلام آباد میں جماعت اسلامی کا غزہ مارچ آج ہوگا ۔ ریڈ زون سیل، داخلی، خارجی راستوں پر خاردار تاریں اور بیریرز لگا دیے گیے۔ چیکنگ اور گشت کو بڑھا دیا گیا ۔ اضافی نفری تعینات ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں کسی بھی غیرقانونی اجتماع پر پابندی ہے۔ تاہم جماعت اسلامی نے اعلان کیا ہے کہ آج اسلام آباد میں غزہ مارچ ہر صورت ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے مارچ کے شرکاء سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے، احتجاج کرنے یا لوگوں کو اُکسانے والوں کو فوری گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے اسرائیل کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں وحشیانہ بربریت اور قتل عام کیخلاف 20 اپریل کو اسلام آباد میں غزہ مارچ کا اعلان کیا تھا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا تھا کہ غزہ سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف 26 اپریل کو تاریخی ہڑتال ہوگی۔
وزیر داخلہ کا رہنما جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے رابطہ
صورتحال کے پیش نظر وزیر داخلہ اور وزیر مملکت داخلہ کا رہنما جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے رابطہ کیا، دونوں حکومتی ذمہ داران کی اسلام آباد میں یکجتی فلسطین مارچ سے متعلق بات چیت کی۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت کو فلسطینیوں سے اظہاریکجتی مارچ کوروکنے کا کوئی حق نہیں، جماعت اسلامی کا فلسطین سے اظہار یکجتی مارچ پرامن ہوگا۔ حکومت رکاوٹیں کھڑی کرکے پوری دنیا میں رسوا نہ ہو، حکومت آج اسلام آباد میں یکجہتی فلسطین ریلی روکنے سے اجتناب کرے۔ فلسطین سے اظہار یکجتی کیلئے کوئی نوگوایریا نہ بنایا جائے۔