خیبر پختونخوا میں 4 روز کے دوران بارشوں، آسمانی بجلی گرنے اور ژالہ باری کے واقعات میں 2 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوئے ۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق 16 اپریل سے جاری بارشوں، سیلابی ریلوں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے سے شانگلہ اور کوہستان میں 2 خواتین جبکہ خیبر اور صوابی میں 2 مرد جاں بحق ہوئے، چارسدہ تنگی میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچوں، 4 خواتین سمیت 9 افراد زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں سے مجموعی طور پر 11 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ بٹگرام میں کئی مقامات پر سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکوں اور پلوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
پی ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندان کو فوری طور پر امداد اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے جبکہ تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو بارش کے باعث بند شاہراہوں کو کھولنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا میں ہونیوالی ژالہ باری سے درجنوں گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا۔