خیبرپختونخوا میں دریائے کابل اور ذیلی دریاؤں میں آج سے 20 اپریل تک شدید سیلاب کا خدشہ ہے، شدید بارش کے باعث فلیش فلڈز کا خطرہ ہے۔ پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے الرٹ جاری کردیا۔
خیبرپختونخوا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے دریائے کابل اور ذیلی دریاؤں میں 20 اپریل تک شدید سیلاب کا الرٹ جاری کردیا۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے کابل اور ذیلی دریاؤں میں آج سے 20 اپریل تک شدید سیلاب کا خدشہ ہے، مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ آج رات بالائی خیبرپختونخوا میں داخل ہوگا، شدید بارش سے فلیش فلڈ کا بھی خطرہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اور نشیبی علاقوں کے مکینوں اور کسانوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ریسکیو 1122 و سول ڈیفنس کو الرٹ رہنے کی بھی ہدایت کردی۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ حساس مقامات کی نشاندہی اور احتیاطی اقدامات یقینی بنائے جائیں، سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹانے اور ایمرجنسی آلات نصب کرنے کے بھی اقدامات کیے جائیں۔