برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کی کامیابی کو برطانیہ خود اپنی کامیابی کے لئے اہم سمجھتا ہے۔
لیڈرز ان اسلام آباد بزنس سمٹ میں خطاب کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت کو ساڑھے چار ارب پاؤنڈ سے دس ارب یا پندرہ ارب پاؤنڈ تک کیسے لے جایا جائے اس بارے سوچنا ہوگا۔
برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع میں بے پناہ اضافہ ممکن ہے۔
جین میریٹ کا کہنا تھا کہ عالمی بینک کے مطابق پاکستانی معیشت 2047 میں 2 کھرب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے برطانیہ کی طویل مدتی شراکت داری و تعاون کی وجہ محض ہمدردی نہیں بلکہ مل کر کام کرنے اور تجارت کیلئے پاکستان ایک بہترین ملک ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی کامیابی سے خود برطانوی کامیابی پر بہت مثبت اثرات ہوں گے اور پاکستان کی کامیابی کو برطانیہ خود اپنی کامیابی کے لیے اہم سمجھتا ہے۔






















