اچھی معاشی خبروں پر اسٹاک مارکیٹ دوبارہ تیزی کے رن وے پر آگئی، امریکا اور چین کے مابین ٹیرف جنگ میں اضافے کے باوجود تمام دن اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا۔
ایک دن کی مندی کے بعد اسٹاک مارکیٹ نے پھر سے تیزی کی ٹرین پکڑ لی، جمعرات کو مارکیٹ میں دوران ٹریڈنگ 1195 پوائنٹس کی تیزی اور ایک لاکھ 17 ہزار پوائنٹس کی حد بحال ہوتے ہوئے بھی دیکھی گئی، کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 881 پوائنٹس بڑھکر ایک لاکھ 16 ہزار 901 پوائنٹس پر بند ہوا، بینکس، آئل اینڈ گیس اور فارما سیوٹیکل کمپنیز کے شیئرز لائم لائٹ میں رہے۔
امریکا اور چین کے مابین ٹیرف کی جنگ میں اضافے کے باوجود تمام دن اسٹاک مارکیٹ کی پیشقدمی جاری رہی، اچھی معاشی خبروں کا مارکیٹ پر مثبت اثر دیکھا گیا۔
جمعرات کو اسٹاک مارکیٹ میں 32 ارب روپے مالیت کے 41 کروڑ شیئرز کا لین دین ہوا۔