آئی ایف سی ڈائریکٹر نے سندھ حکومت کو کراچی میں 18.3 کلو میٹر بسز کا بی آر ٹی سسٹم بنانے کی تجویز دیدی۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ جلد 100 سے زائد ای بسز لارہے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے آئی ایف سی ڈائریکٹر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ مس لنڈا روڈومونینجیٹروا نے ملاقات کی۔
اس موقع پر مس لنڈا نے کہا کہ ای بسوں کے بہت سارے فوائد ہیں، ای بسوں کی دیکھ بھال، کم خرچہ اور ماحول کیلئے بہترین ہیں۔
آئی ایف سی ڈائریکٹر نے تجویز دی کہ سندھ حکومت کراچی میں 18.3 کلو میٹر بسز کا بی آر ٹی سسٹم بنائے، بی آر ٹی مین سسٹم اپنے فیڈر بس سسٹم سے منسلک ہو، سندھ حکومت بی آر ٹی سسٹم کو ورلڈ بینک سے فنانس کروائے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی ایف سی ڈائریکٹر کو بتایا کہ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ میں ہم بجلی، تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں کام کررہے ہیں، سندھ حکومت شہر کی ٹرانسپورٹ، پانی اور نکاسی آب کا مسئلہ حل کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے نجی شعبہ کی شراکت داری سے بی آر ٹی سسٹم شروع کئے ہیں، ہم 134 ای بسز کا فلیٹ جلد لارہے ہیں، کراچی میں پانی کی یومیہ ضرورت 1200 ملین گیلن ہے، اس وقت یومیہ فراہمی 650 ملین گیلن ہے جبکہ 550 ایم جی پانی کی قلت ہے، 650 ملین گیلن کا منصوبہ کے فور زیر تعمیر ہے۔
آئی ایف سی نے وزیراعلیٰ سندھ کو صنعتی استعمال کیلئے واٹر ٹریٹمینٹ پلانٹس لگانے کا مشورہ بھی دیا۔



















