گوگو موٹرز نے اپنی گوگو باکس کے ساتھ مارکیٹ میں دھماکے دار انٹری دینے کے 2 ماہ بعد ہی تمام ویریئنٹس کی قیمتوں میں زبردست کمی کا اعلان کردیا ہے۔
گوگو موٹرز نے اپنے 3 ای وی ویریئنٹس ای ون، ای 2 اور ای 3 کی قیمتوں میں ساڑھے 10 لاکھ 50 ہزار روپے تک کمی کردی ہے، اس اقدام نے گوگو باکس کو ناصرف زیادہ پرکشش بنا دیا ہے بلکہ ڈونگ فینگ باکس کے مقابلے میں نمایاں طور پر سستا بھی کردیا ہے۔
پاکستان میں الیکٹرک وہیکل تیزی سے مقبول ہو رہی ہے، پاکستانی مارکیٹ میں چینی ساختہ ڈونگ فینگ باکس کو چاؤلہ گروپ نے پاکستان میں متعارف کرایا تھا جو کہ اس گاڑی کے آفیشل ڈسٹری بیوٹر بھی ہیں۔
گوگو کی الیکٹرک وہیکل ای ون ایکو کی قیمت 67 لاکھ سے کم کرکے ساڑھے 56 لاکھ روپے جبکہ ای 2 پلس کی قیمت 73 لاکھ سے کم کرکے ساڑھے 62 لاکھ روپے اور ای 3 پریمیئم کی قیمت 70 لاکھ روپے سے کم کرکے ساڑھے 66 لاکھ روپے کردی گئی ہے۔
گوگو موٹرز کے مطابق گاڑیوں کی بکنگ کیلئے 5 لاکھ روپے کی جزوی ادائیگی کی ضرورت ہے جبکہ مطلوبہ الیکٹرک وہیکل کی ترسیل اپریل 2025ء تک ممکن بنائی جاسکے گی۔
قیمتوں میں کمی کیوں کی گئی؟
گوگو باکس کی قیمتوں میں اچانک کمی پاکستان کی آٹو مارکیٹ میں بڑھتے ہوئے رجحان کو نمایاں کرتا ہے، یہاں جو کمپنیاں سب سے پہلے لانچ کرتی ہیں وہ اکثر قیمتوں میں کمی کرتی ہیں جبکہ پہلے سے موجود ماڈل جیسا یا پھر ہو بہو وہی ماڈل منظرعام پر آتا ہے۔
قیمتوں کے تعین کی یہ تبدیلی فروری میں متحرک ہوئی، جب گوگو موٹرز نے کمپیکٹ الیکٹرک وہیکل کو گوگو باکس کے طور پر متعارف کرایا، چند ہفتوں بعد وہی گاڑی ’’ڈونگ فینگ باکس‘‘ کے نام سے دوبارہ سامنے آئی، جسے اس بار چاؤلہ گروپ نے لانچ کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، دونوں پارٹیوں نے گاڑی فروخت کرنے کے حقوق کا دعویٰ کیا، جس کی وجہ سے اس بات پر غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی کہ قانونی معاہدہ کس کے پاس ہے۔
قیمتوں کا یہ فرق مارکیٹ میں اسٹریٹجک تبدیلیوں کو نمایاں کرتا ہے کیونکہ دونوں کمپنیاں مارکیٹ شیئر کیلئے مد مقابل ہیں، گوگو نے قیمتوں میں کمی کرتے ہوئے چاؤلہ کی ڈونگ فینگ پیشکش کے مقابلے میں اپنی مسابقت برقرار رکھی ہے۔