عمرے کی آڑ میں بھیک مانگنے جانے والوں پر 5 سال کی پابندی لگانے اور پاسپورٹ بلیک لسٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ امیگریشن حکام نے 2024ء سے اب تک 269 بھکاریوں کو کراچی ایئر پورٹ آمد پر حراست میں لے لیا۔ بیرون ملک روانگی کے دوران 204 بھکاری ایئر پورٹ پر پکڑے گئے، جن میں 119 خواتین بھی شامل ہیں، انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی نے 61 خواتین سمیت 324 بھکاریوں اور 2 ایجنٹس کو گرفتار کیا۔
عمرے کی آڑ میں بھیک مانگنے کا دھندا کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایف آئی اے نے بھکاریوں اور انسانی اسمگلرز کیخلاف کارروائیوں میں رواں سال 221 افراد کو گرفتار کرلیا، 26 میں سے صرف 2 ایجنٹس پکڑے گئے۔
ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ 2024ء سے اب تک 204 بھکاریوں کو بیرون ملک جانے کی کوشش میں پکڑا گیا جبکہ بھیک مانگ کر واپس آنیوالے 269 شہری کراچی ایئر پورٹ پر حراست میں لیے گئے۔
حکام کے مطابق ایف آئی اے نے بھیک مانگنے جانیوالوں کے پاسپورٹ بلیک لسٹ میں شامل کرکے ایسے افراد کے بیرون ملک سفر پر 5 سال کی پابندی عائد کردی، جبکہ ذمہ داروں کے شناختی کارڈ اور بینک اکاؤنٹس بلاک کردیئے ہیں۔