بالی ووڈ کی مشہور فلم سیریز "ڈان" کے تیسرے حصے میں شاہ رخ خان کی جگہ رنویر سنگھ کو کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس نے مداحوں میں بحث چھیڑ دی ہے۔
1978 میں امیتابھ بچن کی بلاک بسٹر فلم کو 2006 اور 2011 میں فرحان اختر نے شاہ رخ خان کے ساتھ دوبارہ بنایا تھا جو دونوں بار زبردست ہٹ ثابت ہوئیں تاہم، ڈان 3 کے لیے شاہ رخ خان اور ہدایت کار فرحان اختر کے درمیان اسکرپٹ کی اینڈنگ پر اختلافات نے نیا موڑ لے لیا۔
ذرائع کے مطابق ڈان 2 کی شوٹنگ کے دوران ہی شاہ رخ اور فرحان کے درمیان تناؤ پیدا ہوگیا تھا اور حال ہی میں وائرل ہونے والے ایک ویڈیو میں فلم کے ولن دیوان کا کردار ادا کرنے والے نادر علی نے انکشاف کیا کہ شاہ رخ ایک سین کے مکالمے یاد نہ کرسکے اور اسکرپٹ دیکھ کر ڈائیلاگ بولے۔
مزید یہ کہ شاہ رخ نے اسکرپٹ سے ہٹ کر ایک لائن خود شامل کی جس پر فرحان نے اعتراض کیا۔
شاہ رخ نے جواباً کہا، "ابے ، ڈان تو بنا رہا ہے، لیکن ڈان کون ہے؟ شاہ رخ ہے نا! عوام شاہ رخ خان کو دیکھنا چاہتی ہے۔" یہ بات اگرچہ اس وقت طے ہوگئی لیکن بظاہر فرحان نے اسے دل میں رکھا۔
ڈان 3 کے اسکرپٹ پر شاہ رخ اور فرحان کے درمیان اینڈنگ کو لے کر اختلافات نے معاملے کو مزید پیچیدہ کردیا نتیجتاً، فرحان اختر نے شاہ رخ کی جگہ رنویر سنگھ کو فلم کے مرکزی کردار کے لیے سائن کرلیا۔
رنویر کی مصروفیات کے باعث فلم کی شوٹنگ میں تاخیر ہوئی لیکن اب یہ پروجیکٹ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
مداحوں کو امید تھی کہ شاہ رخ خان ایک بار پھر ڈان کے کردار میں نظر آئیں گے لیکن اس فیصلے نے انہیں مایوس کیا ہے، اب یہ دیکھنا باقی ہے کہ رنویر سنگھ اس مشہور کردار کے ساتھ انصاف کرپاتے ہیں یا نہیں اور شاہ رخ کے مداح اس تبدیلی کو کس طرح قبول کرتے ہیں۔