موٹروے ایم 4 پر فیصل آباد میں امین پور کے قریب افسوسناک حادثے میں موٹروے پولیس کے انسپکٹر منصور اصغر شہید ہوگئے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب پولیس افسران سڑک استعمال کرنے والے شہریوں کو بریفنگ اور روڈ سیفٹی ایجوکیشن فراہم کر رہے تھے۔
بیان کے مطابق ڈرائیور دورانِ ڈرائیونگ سو گیا اور گاڑی بے قابو ہو کر پیچھے سے پٹرولنگ موبائل سے ٹکرا گیا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ موبائل میں موجود انسپکٹر منصور اصغر موقع پر ہی شہید ہو گئے۔
حادثے میں ملوث مزدا ٹرک کے ڈرائیور کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے پولیس کے انسپکٹر کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ انسپکٹرمنصوراصغر فرائض کی انجام دہی کے دوران خالق حقیقی سے جاملے۔ اس حادثے کا سن کر دلی دکھ اور افسوس ہوا، اللہ تعالیٰ مرحوم کو جواررحمت میں جگہ اورغمزدہ خاندان کوصبرجمیل عطا فرمائے۔
وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ کمرشل ڈرائیورزکی زیادہ تربیت کی ضرورت ہے۔