اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
صبح سویرے آنے والے زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد اور راولپنڈی جبکہ لاہورسمیت پنجاب کے دیگرشہروں میں محسوس کیے گئے۔
خیبرپختخوا میں پشاور، مالاکنڈ، سوات، نوشہرہ ، چارسدہ، لنڈی کوتل اور مردان بھی زلزلے سے لرز اٹھے۔ آزاد کشمیر، شمالی وزیرستان، چترال اور دیر میں زلزلے کے باعث لوگوں خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہرنکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکزکے مطابق زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ نو ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کی گہرائی 89 کلومیٹرتھی جبکہ اس کا مرکزافغانستان میں ہندوکش ریجن تھا۔
زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ لوگ گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔ تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
پاکستان کے علاوہ افغانستان، تاجکستان اور ازبکستان میں بھی شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ تاجکستان میں زلزلے کی شدت چھ اعشاریہ 9 اور افغانستان میں زلزلے کی شدت چھ اعشاریہ ایک ریکارڈ کی گئی۔
یورپین میڈیٹرینین سیسمولوجیکل سینٹر کے مطابق گہرائی 121 کلومیٹرجبکہ اس کا مرکز بغلان میں 167 کلومیٹر مشرق میں تھا۔