چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے کسی کو ڈیل کیلئے مذاکرات کا اختیار نہیں دیا اور ان کی رہائی آئین و قانون کے مطابق ہوگی۔
اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ ڈیل کیلئے کہیں سے کوئی مذاکرات ہو رہے ہیں لیکن بانی پی ٹی آئی نے کسی کو ڈیل کیلئے مذاکرات کا اختیار نہیں دیا بلکہ انہوں نے کہا میں نے کسی کو اجازت نہیں دی کہ وہ مذاکرات کرے۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ عمران خان کی رہائی قانون وآئین کے مطابق ہوگی اور ہر قسم کی ڈیل کو رد کرتا ہوں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اب پارٹی میں کوئی ایک دوسرے کے خلاف بات نہیں کرے گا اور مائنزاینڈ منرلز ایکٹ پر سیاسی قیادت سے ملاقات کے بعد بات کریں گے، علی امین اور سیاسی قیادت کی عمران خان کے ساتھ ملاقات سے پہلے پاس نہیں کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان کے لوگوں کے جانے سے کے پی بہت متاثر ہو رہا ہے اور بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ کے پی اسمبلی قرارداد کے ذریعے وفاق سے انخلا کا وقت بڑھانے مطالبہ کرے۔