اقوامِ متحدہ امن مشن وزارتی کانفرنس کی تیاری کے لیے دو روزہ تیاری کانفرنس 15 سے 16 اپریل تک اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔
یہ کانفرنس پاکستان اور جمہوریہ کوریا کی مشترکہ شراکت سے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے سینٹر فار انٹرنیشنل پیس اینڈ اسٹیبلٹی میں ہوگی۔
کانفرنس میں پاکستان کے اعلیٰ حکومتی اور فوجی عہدیداران کے علاوہ اقوامِ متحدہ کے سینئر حکام، بشمول انڈر سیکرٹری جنرل برائے امن مشنز اور انڈر سیکرٹری جنرل برائے آپریشنل سپورٹ شریک ہوں گے۔
"امن کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال اور مربوط حکمتِ عملی" کے عنوان سے منعقد ہونے والی اس کانفرنس کا مقصد جرمنی کے شہر برلن میں 13 سے 14 مئی 2025 کو ہونے والی اقوامِ متحدہ امن مشن وزارتی کانفرنس کی بنیاد رکھنا ہے۔
کانفرنس میں مستقبل کے امن مشنز کو محفوظ اور مؤثر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کے کردار، علاقائی و بین العلاقائی تنظیموں کی حمایت، اور پائیدار امن کے لیے مربوط حکمتِ عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یہ کانفرنس پاکستان کے اقوامِ متحدہ امن مشنز کے ساتھ عزم کو اجاگر کرنے کا اہم موقع فراہم کرے گی۔
پاکستان جو اقوامِ متحدہ مشنز میں نمایاں فوجی تعاون فراہم کرنے والا ملک ہے گزشتہ کئی دہائیوں سے 48 امن مشنز میں 2,35,000 فوجی دستے بھیج چکا ہے۔
اس دوران 181 پاکستانی امن دستوں نے عالمی امن و سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔