مسلم لیگ نواز کے رہنما اور وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ ہم ملک کو بہتری کی طرف لے کر جا رہے ہیں اور پاکستان آہستہ آہستہ اپنے پاوں پر کھڑا ہوگا۔
سماء کے پروگرام ’ ندیم ملک لائیو ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما بیرسٹر عقیل کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت کہتے تھے آرمی چیف قوم کے باپ ہوتے ہیں ، ہمارا اسٹیبلشمںٹ سے اچھا ورکنگ ریلیشن ہے۔
بیرسٹر عقیل کا کہنا تھا کہ ٹرپل سی پلس ریٹنگ بھی کچھ عرصہ قبل آئی تھی، اسٹرکچرل ریفارمزا ٓہستہ آہستہ کی جارہی ہیں، ملکی معیشت میں تنزلی پی ٹی آئی حکومت میں آئی، معاشی اعشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کامعاہدہ کس نے توڑا ، ہم نے خلاف ورزی نہیں کی ، ایک شخص ملک کو تباہی کے دہانے پر لے جا رہا تھا، اس شخص کے خلاف عدم اعتماد لائی گئی۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ فوج بارڈرز پر بہت بڑے چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے، ہمیں سیکیورٹی اسٹیٹ کے تشخص سے جان چھڑانی ہے، فوج کو سیاسی چیزوں میں نہ گھسیٹا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی بے یقینی کو ختم کرنے سے استحکام آئے گا، ملک کو جس بدحالی سے گزرنا پڑا اس کے سب ذمہ دار ہیں، اس میں عدلیہ ، اسٹیبلشمںٹ اور سیاسی جماعتیں شامل ہیں، اجتماعی طور پر کچھ بہتری آئی ہے لیکن آدھا پاکستان سطح غربت سے نیچے زندگی گزار رہا ہے، 25 لاکھ نوجوانوں کے لیے ہر سال روزگارنہیں ، سوال یہ ہے کہ کیا عوام کیلئے معاشی اعشاریے اچھے ہوئے ہیں؟۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان اور کے پی کے حالات سامنے ہیں، سندھ کو نہروں کے معاملے پر ناراض کر دیا گیا۔
ریاض فتیانہ
پی ٹی آئی رہنما ریاض فتیانہ کا کہنا تھا کہ ملک میں کاشتکار تباہ ہوگیا ہے، حکومت نے ٹیوب ویل کیلئے بجلی سستی نہیں کی ، اگر یہ حالت رہی تو گندم اگلے سال امپورٹ کرنا پڑے گی، پچھلے سال بھی پنجاب حکومت نے گندم نہیں خریدی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں فوڈ سیکیورٹی کو خطرات لاحق ہیں، غربت ، بیروزگاری اور سیاسی بے یقینی میں اضافہ ہوا، 3 سال پہلے جو ہماری حکومت گئی اس سطح پر آج یہ آئے ہیں۔