پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے پنجاب اسمبلی کے باہر جاری گرینڈ ہیلتھ الائنس کے دھرنے میں شرکت کا اعلان کردیا اور پارٹی کا پارلیمانی وفد روزانہ دھرنے کا حصہ بنے گا۔
گرینڈ ہیلتھ الائنس کے پنجاب اسمبلی کے باہر جاری دھرنے میں اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچراور پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ پہنچے اور تحریک انصاف رہنماؤں نے نجکاری کے خلاف سراپا احتجاج ملازمین کا ساتھ دینے کا اعلان کیا۔
اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچرنے کہا کسی صوبے نے نجکاری کی حامی نہیں بھری، صرف پنجاب حکومت نے نجکاری کا آغاز کیا اور اداروں کی نجکاری کے باعث ڈھائی لاکھ ملازمین بے روزگار ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز وزیراعظم بننے کے خواب دیکھ رہی ہیں۔
احمد خان بھچر نے مزید کہا پی ٹی آئی کا پارلیمانی وفد روزانہ دھرنے کا حصہ بنے گا۔
پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کا کہنا تھا ملازمین کے شانہ بشانہ کھڑے رہ کر دھرنے کا مکمل ساتھ دیں گے اور پنجاب کے بنیادی و دیہی مراکز صحت اور اسپتالوں کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں ہیں۔