بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کو ایک بار پھر جان سے مارنے کی سنگین دھمکی موصول ہوئی ہے، واٹس ایپ پیغام میں کہا گیا ہے کہ اداکار کی گاڑی کو بم سے اڑادیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ (ورلی) کے واٹس ایپ نمبر پر ایک پیغام موصول ہوا، جس کے ذریعے سلمان خان کو قتل کی دھمکی دی گئی ہے۔
موصول ہونیوالے پیغام میں کہا گیا ہے کہ سلمان خان کو ان کے گھر میں گھس کر قتل کیا جائے گا جبکہ ان کی گاڑی کو بم سے اُڑانے کی بھی دھمکی دی گئی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ورلی پولیس اسٹیشن میں نامعلوم شخص کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ حکام اس وقت دھمکی دینے والے شخص کی شناخت اور پیغام کی صداقت کی تحقیقات کررہے ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں جب سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی ملی ہو، گزشتہ دو برسوں میں ایسے کئی واقعات رونما ہوچکے ہیں، جس کی وجہ سے بالی ووڈ اسٹار نے اپنی سیکیورٹی میں بھی اضافہ کردیا۔
لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے 2023ء میں متعدد بار سلمان خان کو قتل کی دھمکیاں دی گئیں۔ بھارتی گینگسٹر لارنس بشنوئی نے ایک انٹرویو میں کھلے عام کہا تھا کہ وہ سلمان خان کو معاف نہیں کرے گا۔
گولڈی برار، جو کہ ایک مفرور گینگسٹر ہے، اس کا بھی سلمان خان کو دھمکیوں میں نام آچکا ہے، برار کا تعلق بھی بشنوئی گینگ سے ہے۔
اپریل 2023ء میں سلمان خان کے گھر کے باہر دو افراد نے فائرنگ کی تھی، جس کے بعد ان کی سیکیورٹی کو مزید سخت کردیا گیا تھا۔