سی ٹی ڈی نے بیساکھی کے موقع پر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا، راولپنڈی سے دو خطرناک دہشتگرد گرفتار کرلیے گئے، ملزمان سے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 189 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے، اس دوران 10 دہشت گرد گرفتار کرلئے گئے۔
حکام کے مطابق راولپنڈی سے خطرناک دہشت گرد بادل سنگھ اور سورج سنگھ کو گرفتار کیا گیا جن سے دھماکا خیز مواد برآمد ہوا، دونوں ملزمان کا تعلق ننکانہ صاحب سے ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق کارروائیاں لاہور، بہاولپور، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور جہلم میں کی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے مجموعی طور پر 2053 کومبنگ آپریشنز کے دوران 263 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے، کومبنگ آپریشنز میں 82 ہزار 473 افراد سے پوچھ گچھ بھی کی گئی۔
واضح رہے کہ سکھ برادری عالمی سطح پر بیساکھی کا تہوار جوش و خروش سے منارہی ہے، جس کیلئے دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتری پاکستان پہنچے ہیں۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے بیساکھی کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کا پرچار کیا، پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سکھ یاتریوں کی خواہشات کا احترام کیا گیا ہے، گوردوارہ جنم استھان میں عالمی معیار کے 100 کمرے بنائے جا رہے ہیں، تمام گورد واروں کی مکمل بحالی کیلئے کام کیا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ ہر سال ہزاروں کی تعداد میں سکھ یاتری گرونانک سمیت اپنے دیگر مذہبی رہنماؤں سے عقیدت کا اظہار کرنے کیلئے پاکستان آتے ہیں۔