پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر جنید اکبر خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی قیادت میں مقبوضہ پاکستان کو آزاد کرائیں گے۔
ایبٹ آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر جنید اکبر خان نے کینٹ چوک میں ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقابلہ سیاسی جبر کے ساتھ ہے، اب ہم آئیں گے دیکھتے ہیں کون بھاگتا ہے، جتنےمقدمات درج کرنے ہیں کرلیں ہم اس بار بتائیں گے کس سے واسطہ پڑا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا نام مٹانے والے خود ختم ہوجائیں گے، احتجاج ہمارا آئینی حق ہے، ہم نے ریاستی جبر برداشت کیا جیلوں میں گئے، ہمیں اس فسطائیت کی حکومت سے کوئی توقع نہیں، حکومت خود قانون نہیں مان رہی اور بارہا آئین کی خلاف ورزیاں کر رہی ہیں۔
جنید اکبر کا کہنا تھا کہ اگر کوئی ہماری عزت نہیں کرتا ہم بھی نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نفرت کے بیج کون بو رہا ہے ڈنڈے سے محبت نہیں آئے گی، بانی پی ٹی آئی جب تک نفرت کرتے رہیں گے ہماری نفرت برقرار رہے گی، بڑے بڑے فرعون آئے چلے گئے، جب یوتھ نکلے گی تو انہیں کوئی نہیں روک سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ جب تک بانی پی ٹی آئی کی رضا مندی نہ ہو مائنز اینڈ منرل ایکٹ پاس نہ کیا جائے ورنہ ایسا نہ ہو صوبائی حکومت اور صوبائی تنظیم علیحدہ ہوجائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی قیادت میں مقبوضہ پاکستان کو آزاد کرائیں گے۔