سیمنٹ کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 14 فیصد جبکہ برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 84 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے اکتوبر تک کی مدت میں ملک میں 15.77 ملین ٹن سیمنٹ کی فروخت ریکارڈکی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 13.87 ملین ٹن کے مقابلہ میں 14 فیصد زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں سیمنٹ کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 84 فیصد کی نمایاں نمو ہوئی ہے۔ جولائی سے اکتوبر تک کی مدت میں 2.54 ملین ٹن سیمنٹ کی برآمدات ریکارڈکی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1.38 ملین ٹن تھی۔ سیمنٹ کی مقامی کھپت میں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 6 فیصد کی نمو ہوئی ہے۔
اعداد وشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں سیمنٹ کی مقامی کھپت کا حجم 13.22 ملین ٹن ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 12.49 ملین ٹن تھا۔ اکتوبر 2023 میں سیمنٹ کی مجموعی کھپت کاحجم 3.88 ملین ٹن ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلہ میں 9 فیصد کم ہے۔ گزشتہ سال اکتوبر میں سیمنٹ کی مجموعی کھپت کا حجم 4.25 ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں حالیہ مہنگائی کے پیش نظر ہربلڈنگ میٹریل بھی عوام کی پہنچ سے دور ہوگیا۔ ملک میں سیمنٹ کی بوری 1200 روپے، سریا 270روپے فی کلو، اینٹ فی ہزار 15000روپے، بجری 125فی فٹ ریت کا ٹرالا ایک ہزار 800 روپے کا ہو چکا ہے۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے دیکھتے رہیں سماء نیوز لائیو