وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل اسد مجید خان نے ملاقات کی۔ پاکستان ٹرانسپورٹ کوریڈوراوریورو ایشین ٹرانسپورٹ لنک پر تبادلہ خیال کیا۔ عبدالعلیم خان کا کہناتھا کہ خطے میں ہیومن ریسورس اور ورک فورس کے لیے پاکستان بہترین کردار ادا کرسکتا ہے۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان کی ملاقات میں اہم پیشرفت ہوگئی۔ خطے کے ممالک کے درمیان ٹرانسپورٹ، تجارت، اور توانائی سمیت کئی شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
اسد مجید نے عبدالعلیم خان کو 2 جون کو ایران میں ہونے والے ای سی او وزارتی اجلاس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی ۔ ملاقات میں پاکستان ٹرانسپورٹ کوریڈور ریل اینڈ روڈ،یورو ایشین ٹرانسپورٹ لنک پر بھی بات چیت ۔ پہلے مرحلے میں اسلام آباد،تہران،استنبول روڈ ٹرانسپورٹ کوریڈور کی نشاندہی ہو چکی ہے ۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ ای سی او ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ جنوبی ایشیا کے ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید مستحکم کئے جا سکتے ہیں۔ وسط ایشیائی ریاستیں، ترکیہ اور پاکستان مشترکہ پلیٹ فارم پر کام کرسکتے ہیں۔ پاکستان خطے میں افرادی قوت کی تربیت اور دستیابی میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں نےمواصلات، توانائی، بنیادی ڈھانچے اور معدنیا ت کے شعبوں میں مزید کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ای سی او سیکرٹری جنرل نے وفاقی وزیر کو تنظیم کے طریقہ کار، کارکردگی اور مستقبل کے اہداف سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر اسد مجید نے کہا کہ ای سی او یورپی یونین کی طرز پر 10 ممالک کے درمیان مشترکہ مارکیٹ بنانے کی خواہاں ہے۔ وفاقی وزیر نے ڈاکٹر اسد مجید کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کامیابی کے لیے دعا بھی کی۔