پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا ملک اغوا کاری اور دہشتگردی کے پرچوں کی بنا پر چلے گا؟۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ ہم اپنے حق پر کھڑے ہیں ، یہ حق منوا کر چھوڑیں گے، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے حوالے سے عدالت کا تمسخر اڑایا جا رہا ہے، کل عدالت میں توہین عدالت کی مزید درخواستیں دائر کریں گے، عدالتی احکامات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اس کو بند ہونا چاہیے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ عوام کو اس جبر اور فسطائیت کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے، یہ معاملہ صرف بانی پی ٹی آئی کا نہیں قانون کی بقا کا ہے۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ آج جو کچھ بھی ہوا پر زور مذمت کرتے ہیں ، ہمیں للکارا جا رہا ہے ، خاموش نہیں بیٹھیں گے، یہ ہمیں کسی بھی طرح نہیں توڑ سکتے، عوام ہمارے ساتھ ہوگی ، اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، ملک کو استحکام کی ضرورت ہے ، انتشار کی طرف نہ لے کر جائیں۔
انہوں نے کہا کہ کہاں تک بانی پی ٹی آئی کی آواز کو بند کریں گے ، عوام فیصلہ کر چکے ہیں، کیا ملک اغوا کاری اور دہشتگردی کے پرچوں کی بنا پر چلے گا؟، ہمارے لیے گرفتاری معمولی بات ہے ، ہم تیار ہیں، ہم جبر اور فسطائیت کو ختم کر کے دم لیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں ، ہم نہیں چاہتے ہنگامہ ہو لیکن ریاست چاہتی ہے ہنگامہ ہو۔